Monthly Archives: نومبر 2012

سفر نامہ / Suffer-nama

یوں تو بندہ (مراد بذات خود، یعنی میں یعنی عمران اقبال) ہر طرح کے سفر سے کوسوں دور بھاگتا ہے۔۔۔ یہاں تک کہ اگر تین گھنٹے کی فلائیٹ گزار کر لاہور بھی جانا پڑے تو جان پر بن آتی ہے۔۔۔ آخر کیا کریں ان تین گھنٹوں میں۔۔۔ سوائے سیٹ پر بیٹھے بیٹھے کروٹیں بدلنے کے۔۔۔ یا اپنے ہمسائے کی "ڈاکخانہ” ملانے کی کوشش اور پھر ان کے سفر کرنے کی ذاتی وجوہات سننے اور برداشت کرنے کے۔۔۔ آن فلائیٹ اینٹرٹینمنٹ بھی کچھ زیادہ اینٹرٹین نہیں کرتا۔۔۔ ایک دو کلک کے بعد بور ہو جاتا ہوں۔۔۔۔

میرا یار برھان منہاس جو امریکہ میں رہائش پذیر ہے۔۔۔ اکثر ضد کرتا ہے کہ ویزہ لگواں اور امریکہ کا چکر لگا لوں۔۔۔ اور میں یہ سوچ کر ہی ویزہ کے لیے اپلائی نہیں کرپاتا کہ کون اٹھارہ گھنٹے جہاز میں بیٹھے۔۔۔ سفر سے میری بیزاریت کا عالم یہاں تک ہے کہ آئل اینڈ گیس کی ایک کانفرنس مئی میں ہیوسٹن میں منعقد ہو رہی ہے۔۔۔ اور میرا اس میں شرکت کرنا میرے کیرئیر کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔۔۔ میری کمپنی مجھے اور میری ایک کولیگ کو وہاں بھیجنے کا پروگرام بنا رہی ہے۔۔۔ مجھ سے پوچھا گیا تو میں نے سوچنے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔۔۔ اور ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کر پایا۔۔۔

واللہ، میں بھی عجیب بندہ ہوں۔۔۔ کہ نا تو سکون سے بیٹھا پاتا ہے۔۔۔ اور نا اپنی خاموش خلا میں کسی کی غیر ضروری مداخلت پسند کرتا ہے۔۔۔ سفر کے دوران وقت گزاری کے لیے کوئی کتاب پڑھنا تو بہتر محسوس ہوتا ہے۔۔۔ لیکن کسی اجنبی شخص سے "وقت گزاری” کرنا مجھے زرا بھی نہیں بھاتا۔۔۔ خیر۔۔۔ جیسے میں نے عرض کی کہ میں بڑا ہی عجیب بندہ ہوں۔۔۔ کوئی اور سمجھے تو سمجھے، میں تو خود کو زرہ برابر نہیں سمجھ پایا۔۔۔

اس مرتبہ سفر کی نوعیت کچھ ایسی تھی کہ اپنی گزری زندگی ایسے تجربے سے بلکل نافہم ہی رہی۔۔۔ اور وہ یہ تھی کہ بیگم صاحبہ اور صاحبزادی کے ہمراہ چھٹیاں گزاری جائیں۔۔۔ اور یہاں چھٹیوں سے مراد، ایک محدود مدت کے لیے آفس کی چخ چخ ، باقی دنیا سے کنارہ کشی ، کچھ پرانے اور نئے احباب سے ملاقات ہے۔۔۔ تو اپنی بارہ دن کی چھٹیوں کو ایسے پلان کیا کہ ڈسکہ، اپنے آبائی گاوں "بوبکانوالہ” ، گوجرانوالہ، لاہور، اسلام آباد، مری اور کراچی کی "سیاحت” کی جائے۔۔۔ اور ان بارہ دنوں میں جان، مال اور رشتے داروں سے عزت بچا کر واپس دبئی پہنچنا ہی شایدمیری کامیابی رہی۔۔۔

چیدہ چیدہ تجربے جن کے بارے میں لکھنے کا ارادہ ہے اور انشاءاللہ موقع ملا تو جلد ہی لکھ بھی دوں گا وہ یہ رہے۔۔۔

مری میں قیام اور تجربے
اسلام آباد میں انتہائی دلکش بلاگر دوست”بلاامتیاز” سے ملاقات۔۔۔
خانصپور میں ایک بزرگ "ٹورسٹ گائیڈ” سے ملاقات۔۔۔
کراچی میں دو دن کی روداد اور اپنے بہت عزیز دوست "وقار اعظم اور کاشف نصیر” سے ملاقات۔۔۔

(یہ سلسلہِ سفرنامہ امتیاز کی فرمائش پر لکھ رہا ہوں۔۔۔ ورنہ جو خوبصورت وقت گزرا، اس کے بارے لکھنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔۔۔ اب بس دعا کریں کہ سلسلہ پورا لکھ ہی دوں۔۔۔)

Advertisements

کالا صاب – پارٹ ٹو

یوں تو جو بھی استادِ محترم نے لاہور ائیرپورٹ پر دیکھا ، میرا تجربہ کچھ زیادہ مختلف نا تھا۔۔۔ ما سوائے کہ استادِ محترم صبر کا پیمانہ ہاتھ میں تھامے امیگریشن کی قطار میں کھڑے اپنے سبزپاسپورٹ پر "اسلامی جمہوریہ پاکستان” میں آفیشل داخلے کا ٹھپہ لگوانے کے منتظر رہے۔۔۔ اور میں اپنے سب اصول بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک جرم کر بیٹھا۔۔۔

قصہ یوں ہوا کہ جوں ہی ہمارے شاہین مسافر لاہور ائیرپورٹ پر اترے۔۔۔ ساری تمیزداریاں بھولے، اپنے پاکستانی ہونے کا ثبوت دینے کو اتاولے ہوئے جاتے تھے۔۔۔ پاسپورٹ کنٹرول پر چار عدد خوبرو اور بانکے چھبیلے بزرگ افسران بیٹھے "مستعدی” دکھا رہے تھے۔۔۔ حالانکہ امارات ائیرلائن کا بوئنگ 777 طیارہ جو نان سٹاپ ، بارو باری، فل پیسنجر آیا تھا۔۔۔ اور اتنی کثیر تعداد کو جلد اذ جلد نپٹنے کے لیے چار وں حضرات بظاہر ناکافی تھے ۔۔۔ لیکن انا بھی کوئی شے ہوتی ہے۔۔۔ اب کاونٹروں پر قطار لگانا تو ہم پاکستانیوں کی شان کے خلاف ہے۔۔۔ اس لیے چار کی بجائے ان گنت قطاریں سج گئیں۔۔۔

میں اپنے طور پر ممی ڈیڈی بچہ بنے، حیرت سے یہ سوچ رہا تھا کہ کونسی قطار کا حصہ بنوں ۔۔۔ جس سے باری جلدی آ جائے۔۔۔ لیکن سمجھ جواب دے گئی اور میں آنکھیں کھولے کوئی آسان حل ڈھونڈنے لگا۔۔۔ میری شکل اور عقل کا اندازہ لگا کر ایک پورٹر صاحب میری جناب بڑھے۔۔۔ اور اپنے لب میری کانوں کے پاس لا کر گویا ہوئے۔۔۔
” سر جی، جلدی ہے۔۔۔!!!”
ہاں یار جلدی تو ہے۔۔۔
"فکر نا کریں جناب۔۔۔ آپ چاہیں تو آپ کا کام جلدی کروا دیتا ہوں۔۔۔”
وہ کیسے۔۔۔؟
"آپ اپنا پاسپورٹ مجھے دیں، اور میرے پیچھے چلے آئیں۔۔۔”
بھائی جان، وہ تو ٹھیک ہے، پیسے کتنے لو گے۔۔۔؟
"کیسی بات کرتے ہیں سر جی، آپ تو اپنے بھائی جیسے ہیں۔۔۔ جتنا دل چاہے، اتنی عیدی دے دیجیے گا۔۔۔”
ھممم ، چلو ٹھیک ہے۔۔۔

اور میں ان کے پیچھے پیچھے چل پڑا۔۔۔ ان حضرت نے مجھے کاونٹر کراس کروایا اور ایک بزرگ افسر کے پاس جا کر میرا پاسپورٹ اس کے سامنے رکھ دیا۔۔۔ آنکھوں آنکھوں میں دونوں حضرات نے کچھ باتیں کیں۔۔۔ افسر نے میرے پاسپورٹ پر ٹھپہ لگایا۔۔۔ اور میری طرف دیکھ کر مسکرا دیا۔۔۔ میں نے بھی جوابی مسکراہٹ سے ان کی مستعدی کا شکریہ ادا کیا۔۔۔
پورٹر صاحب میرے پاس آئے۔۔۔ اور پاسپورٹ مجھے دیتے ہوئے بولے، "آئیں سر، اب آپ کا سامان لے لیں۔۔۔”

سامان آتے آتے مزید پندرہ منٹ لگ گئے۔۔۔ لیکن پورٹر صاحب پوری جانفشانی سے میری خدمت کا لطف اٹھا رہے تھے۔۔۔ سامان آتے ہی میرا سامان ٹیکسی تک پہنچایا۔۔۔ اور میرے سامنے آ کر دانت دکھاتے ہوئے بولے۔۔۔ "سر جی، دیکھ لیں، آپ کے دو گھنٹے بچا لیے۔۔۔”

میں نے پورٹر بھائی کا شکریہ ادا کیا۔۔۔ اور جیب سے دو سو روپے نکال کر اسے اس کی محنت کا صلہ دینے کی کوشش کی۔۔۔ اب کی بار ان کے دانت نہیں، بلکہ آنکھیں باہر نکل آئیں۔۔۔ "سر جی، کیا مذاق کر تے ہیں۔۔۔ پانچ سو تو صرف پاسپورٹ افسر کو دینا ہے۔۔۔ کچھ درہموں میں دیں نا۔۔۔ بچے دعائیں دیں گے۔۔۔”

میں نے کہا یار، میرے پاس درہم تو فی الحال نہیں ہیں، لیکن تم نے اتنی مدد کر دی ہے تو میں زیادہ سے زیادہ تمہیں سات سو روپے دے سکتا ہوں۔۔۔ اس سے زیادہ نہیں۔۔۔ بڑی بحث کے بعد آخر اسے پیار محبت سے آٹھ سے روپے کی "رشوت” دے کر اپنی جان چھڑوائی اور اپنی بیٹی سے ملنے ڈسکہ روانہ ہوا۔۔۔

نخرے تو ہم نے ساری عمر دوسروں کے اٹھائے ہیں۔۔۔ لیکن پاکستان پہنچتے ہی جو”عزت” مجھے پورٹر صاحب اوربزرگ افسر نے دی۔۔۔ اس نے مجھے میرے نفس کو یقین دلا دیا۔۔۔ کہ ہونہہ، گورے کیا ہوتے ہیں۔۔۔ اپنے ملک میں تو ہم کالے بھی، "کالے صاحب” ہی ہیں۔۔۔ جہاں جہاں دوسروں کی عزتِ نفس پامال کرنی ہو۔۔۔ یہ خدمت ہم سے اچھی کوئی کر ہی نہیں سکتا۔۔۔ لیکن مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہمارے جیسے ہزاروں "کالے صاحب” اپنی عزت نفس خود اپنے ہاتھوں سے مجروح کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔۔۔ اور انہیں کوئی تکلیف یا بےعزتی بھی محسوس نہیں ہوتی۔۔۔

رکیے حضرات، یہ ایسا واحد جرم نہیں جو میں نے پاکستان میں کیا۔۔۔ اس طرح کے "ہلکے پھلکے "جرم قدم قدم پر میں کرتا آیا ۔۔۔ اس لیے نہیں کہ میرے پاس بڑے پیسے تھے۔۔۔ بلکہ اس لیے کہ میرے پاس اور کوئی "چوائس ” نہیں تھی۔۔۔ ان جرائم کی تفصیلات پھر کبھی۔۔۔

یہ تحریر استادِ محترم جناب جعفر حسین کے کالم "کالا صاحب"   سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہے۔۔۔

 


%d bloggers like this: